جمعہ 25 ستمبر 2026 - 07:18
گریٹر اسرائیل منصوبے کی راہ میں ایران سب سے بڑی رکاوٹ: علامہ حسن ظفر نقوی

حوزہ/ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ امریکی اڈے خطے کے ممالک کے دفاع کے لیے نہیں، بلکہ غاصب اسرائیل کے دفاع کے لیے قائم کئے گئے؛ کہا کہ مسلمان حکمرانوں کو اب یہ بات سمجھ میں آ جانی چاہیے کہ سوائے اللہ کے کوئی سپر طاقت نہیں ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے معروف عالم دین و مرکزی جنرل سیکریٹری ایم ڈبلیو ایم علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کی راہ میں واحد اور سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اس نے ثابت کیا ہے کہ عالمی سامراج سے لڑا بھی جا سکتا ہے اور انہیں شکست بھی دی جا سکتی ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے گریٹر اسرائیل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ عالم اسلام کو مل کر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ اب یہ بات کھل کر سامنے آ چکی ہے کہ خلیجِ فارس کے ممالک میں امریکی اڈے خطے کے ممالک کے دفاع کے لیے نہیں، بلکہ صرف اور صرف غاصب اسرائیل کے دفاع کے لیے قائم کئے گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک یہ اڈے موجود ہیں؛ علاقے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ غاصب اسرائیل مسلسل غزہ اور لبنان پر بمباری کر رہا ہے اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں کو اب یہ بات سمجھ میں آ جانی چاہیے کہ سوائے اللہ کے کوئی سپر طاقت نہیں ہے۔ امریکہ کا غرور خاک میں مل چکا ہے۔ جب اکیلا ایران امریکہ اور غاصب اسرائیل کی ناگ رگڑ سکتا ہے تو اگر سارے اسلامی ممالک متحد ہو جائیں تو بیت المقدس کی آزادی سالوں اور مہینوں کی نہیں، بلکہ دنوں کی بات ہے۔ فلسطین کے بے کس اور لاچار مسلمان حسرت و یاس سے عالم اسلام کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha